نئی دہلی،11 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) سربراہ اور سابق مرکزی وزیر شرد پوار لوک سبھا کا انتخاب نہیں لڑیں گے۔حالانکہ ان کی پارٹی چاہتی ہے کہ وہ ماڑھا سے الیکشن لڑیں، لیکن شرد پوار اور ان کا خاندان الیکشن لڑنا نہیں چاہتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مجھے لگا کہ میرے خاندان کے دو رکن اس بار الیکشن لڑ رہے ہیں تو مجھے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ لینے کا یہ صحیح وقت لگا۔انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے ہی 14 بار الیکشن لڑ چکا ہوں۔ مہاراشٹر کے سب سے قد آور لیڈروں میں شمار شرد پوار فی الحال مہاراشٹر سے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ ہیں۔مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی شرد پوار پچھلی یو پی اے حکومت میں وزارت زراعت کے ساتھ ساتھ صارفین، فوڈ اینڈ پی ڈی ایس وزیر بھی رہ چکے ہیں۔بتا دیں کہ اس سے پہلے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے الزامات کے درمیان شرد پوار نے اپنی پارٹی کے بوتھ سطح کے کارکنوں سے پولنگ والے دن وی ایم دکھائے جاتے وقت چوکنا رہنے کو کہا ہے۔دیگراپوزیشن پارٹیاں الزام لگاتی رہی ہیں کہ ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہو سکتی ہے۔
پوار نے مہاراشٹر کے بیڑ ضلع میں پارٹی کارکنوں کو ویڈیوکانفرنسنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بی جے پی پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔پولنگ والے دن آپ صبح پولنگ مراکز پر جائیں اور دیکھیں کہ پولنگ صحیح طریقے سے ہو رہی ہے یا نہیں۔بتا دیں کہ اس سے پہلے بہار میں بی جے پی کی اتحادی لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) کے سربراہ رام ولاس پاسوان نے بھی اس سال الیکشن نہیں لڑنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 50سال بعد میں اب بالآخر الیکشن نہیں لڑوں گا۔ پاسوان حاجی پور لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑتے رہے ہیں، لیکن اس بار انہوں نے الیکشن نہیں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بہار کی 40 سیٹوں میں سے 6 پر ایل جے پی انتخابات لڑے گی اور پاسوان شاید راجیہ سبھا جائیں گے۔ایسے میں حاجی پور سے الیکشن کون لڑے گا اس پر پاسوان کا کہنا ہے کہ حاجی پور لوک سبھا سیٹ پر میرا جانشین کون ہوگا یہ پارٹی فیصلہ کرے گی۔